نشتر ہسپتال میں پنجاب کا پہلا اینٹی ریپ کرائسسز سیل قائم کرنے کا فیصلہ

43

ملتان،10اکتوبر(اے پی پی):نشتر ہسپتال میں پنجاب کا پہلا اینٹی ریپ کرائسسز سیل قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔اینٹی ریپ کرائسسز سیل کا مقصد زیادتی کا شکار خواتین کو میڈیکولیگل اور فارنزک رپورٹ کے حوالے سے مدد فراہم کرنا ہے۔

سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب افضل ناصر خان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور اقوام متحدہ کے اشتراک سے نشتر ہسپتال میں جنوبی پنجاب کا پہلا اینٹی ریپ کرائسسز سیل جلد قائم کر دیا جائے گا۔ منگل کے روز سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب سے اقوام متحدہ کی پنجاب کے لئے پروگرام کوآرڈنیٹر سدرہ ہمایوں نے ملاقات کی۔نشتر ہسپتال میں اینٹی ریپ کرائسسز سیل قائم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے افضل ناصر خان نے کہا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی  پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر کی ہدایت پر اینٹی ریپ کرائسسز سیل نشتر ہسپتال کی ایمرجنسی بلاک میں قائم کیا جائے گا جسے  آئی ٹی آلات سے لیس کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شواہد ضائع ہوجانے کی وجہ سے ظلم کا شکار خواتین انصاف سے محروم ہوجاتی ہیں جبکہ اینٹی ریپ کرائسسز سیل شواہد کو محفوظ بنانے میں کردار ادا کرے گا جس سے مجرم کو عدالتوں سے سزا مل سکے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ نشتر ہسپتال میں فارنزک اور دیگر سہولیات پہلے سے موجود ہیں جو کرائسز سیل کی کارکردگی بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا،اینٹی ریپ کرائسسز سیل کا قیام انصاف کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوگا۔

اقوام متحدہ کی پنجاب کے لئے پروگرام کوآرڈنیٹر سدرہ ہمایوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال میں اینٹی ریپ کرائسسز سیل کے قیام کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں ،اینٹی ریپ سیل ایک ماہ کے اندر فعال کردیا جائے گااور  کہا کہ اینٹی ریپ کرائسسز سیل کا مقصد زیادتی کا شکار خواتین کو میڈیکولیگل اور فارنزک رپورٹ کے حوالے سے مدد فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریپ کیسسز کے شواہد محفوظ کرنے کے لئے ڈاکٹرز کو فارنزک رپورٹ کی تیاری بارے ٹریننگ بھی دی جائے گی،صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں مرحلہ وار اینٹی ریپ کرائسسز سیل قائم کئے جائیں گے۔