پشاور؛ گورنر خیبر پختونخوا  کاافغانستان قونصلیٹ کا دورہ، قونصل جنرل سے ملاقات

36

پشاور، 25 اکتوبر(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کی کئی دہائیوں تک مہمان نوازی کی ہے، کیونکہ دونوں ممالک کے عوام کی تہذیب، ثقافت، روایات مشترک ہیں۔

گورنر غلام علی نے آج قونصلیٹ جنرل امارات اسلامی افغانستان پشاور کا دورہ کیا اور پشاور میں تعینات قونصل جنرل امارات اسلامی افغانستان حافظ محب اللہ شاکر سے ملاقات کی ہے۔

گورنر نے افغان قونصل جنرل سے افغانستان میں حالیہ زلزلہ سے 2500 انسانی اموات پر اظہار تعزیت کی، 5 ہزار سے زائد عمارتوں کے تباہ ہونے سمیت مالی نقصانات پر اظہار افسوس کیا۔انہوں نے کہا کہ اپنی اور خیبر پختونخوا کے عوام کیجانب سے افغانستان حکومت و عوام سے حالیہ زلزلہ کے جانی و مالی نقصانات پر اظہار تعزیت کرتا ہوں، ہم حالیہ زلزلہ سے ہونیوالےجانی و مالی نقصانات پر خیبرپختونخوا کے عوام افغانستان کے عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

حاجی غلام علی نے افغان قونصل جنرل کو بتایا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی ریاست پاکستان کا فیصلہ ہے، لہذا صوبے ریاستی فیصلے پر عملدرآمد میں افغان مہاجرین کا عزت و احترام یقینی بنائیں گے۔

افغان قونصل جنرل نے اظہار ہمدردی کیلئے تشریف لانے پر گورنر خیبر پختونخوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خوشی، غم میں ساتھ دینے اور افغان مہاجرین کی خدمت و عزت دینے پر خیبرپختونخوا حکومت و عوام کے شکر گزار ہیں۔

ملاقات میں گورنر نے افغان قونصل جنرل کیجانب سے افغان مہاجرین کی باعزت واپسی سے متعلق پیش کیجانیوالی تجویز کو وزیراعظم پاکستان تک پہنچانے کی یقین دہانی بھی  کرائی۔