پشاور،5 اکتوبر(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے ڈپٹی آڈیٹر جنرل(نارتھ) ساجد ندیم نے جمعرات کو یہاں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران ڈپٹی آڈیٹر جنرل نے گورنر کو کویڈ 19 کے دوران خیبر پختونخوا حکومت کے اخراجات سے متعلق اسپیشل آڈٹ رپورٹ پیش کی۔آڈٹ رپورٹ میں خیبرپختونخوا حکومت کے کورونا وائرس وبا کے دوران مالی سال 2020-21 میں اخراجات کا تفصیلی آڈٹ کیا گیا۔
گورنر نے خصوصی آڈٹ رپورٹ کی تیاری کو مالی امور میں شفافیت سے متعلق خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ادارے میں مالی امور میں شفافیت کیلئے آڈٹ لازمی جزو ہے۔انہوں نے کہا کہ آڈٹ رپورٹ کی سفارشات پر من و عن عملدرآمد بھی یقینی ہونا چاہئے، تاہم آڈٹ رپورٹ کی تجاویز و سفارشات سے مالی امور میں مزید شفافیت لائی جا سکتی ہے۔











