چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے دورہ سیالکوٹ، مختلف جاری منصوبوں کا معائنہ کیا

32

 

سیالکوٹ،2اکتوبر (اے پی پی):چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے پیر کو سیالکوٹ کا اچانک دورہ کیا اورپنجاب انٹر میڈیٹ سٹی امپرومنٹ انوسٹمنٹ پروگرام (PICIIP) کے  منصوبوں، علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال، علامہ اقبال لائبریری کے ترقیاتی کاموں اور ماڈل سکولز پراجیکٹ کے تحت گورنمنٹ خواجہ صفدر گرلز ہائی سکول میں سہولیات بہتر بنانے کیلئے جاری کام کا معائنہ کیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے  PICIIPمنصوبوں پر کام کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ سیالکوٹ کے شہریوں کی طرف سے شکایات پر خود پراجیکٹ کا معائنہ کرنے آیا ہوں۔ انہوں نے کمشنر گوجرانوالہ کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی تھرڈ پارٹی ایلوایشن کرائی جائے اور مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق تکمیل یقینی بنائی جائے۔

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کو علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے دورہ کے موقع ہسپتال کی تزئین و آرائش کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ 39کروڑ روپے لاگت کے اس منصوبے کے دوران ہیلتھ کئیر سہولیات متاثر نہیں ہونی چاہیں، جن وارڈز میں کام کیا جائے وہاں کے مریضوں کو متبادل وارڈز میں شفٹ کیا جائے اور اس حوالے سے پلان ترتیب دیا جائے۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شاہ میر اقبال، اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال، اے ڈی سی جی سید اسد رضا کاظمی بھی موجود تھے۔