ملتان، 17 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن انجینئرعامرخٹک نے انسداد سموگ کارروائیاں تیزکرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرآلودگی کے خاتمے بارے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے،ڈویژن بھر کے خشت بھٹہ جات کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پرمنتقل کیا جائے،پرانی بیٹریاں جلانے،آلودگی کا باعث 2 سٹروک انجن کے خلاف کارروائی کی جائے۔ کمشنر عامر خٹک نے کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے والوں سے آہنی ہاتھ سے نمٹنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ ماحولیات انسدادِ سموگ کریک ڈاؤن میں تیزی لائے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات مہر شمشاد نے کہا کہ انسداد سموگ مہم کے ایک دن میں 48بھٹہ جات کو20 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا،پرانی ٹیکنالوجی پر قائم آلودگی کا سبب بننے والے9 خشت بھٹہ جات سر بمہر،4خشت بھٹہ جات مالکان کے خلاف مقدمہ درج، 3 کو نوٹس جاری کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہونے والے آلودگی کا باعث خشت بھٹہ جات میں پانی کا چھڑکاؤ کیا گیا،125 گاڑیوں کو چیک،29 کو چالان،4گاڑیاں ضبط کی گئیں جبکہ متعدد گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ معطل، 55500 روپے جرمانہ کیا گیا،فصلوں کی باقیات جلانے کے 27واقعات پر 4مقدمات درج، 1 لاکھ 80 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا،9انڈسٹریل یونٹس کی انسپکشن کرتے ہوئے 5 کو نوٹس جاری، 1 سربمہر،1 کیخلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کا آلودگی کا سبب بننے والےعناصر کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم ہے جس پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہا ہے۔











