پشاور، 17اکتوبر(اے پی پی): ضلع خیبر لنڈی کوتل کے تحصیل کمپاؤنڈ میں آل طورخم کسٹم کلیئرنس ایجنٹس کی حلف برداری تقریب آج منعقد ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر ٹرانزٹ ٹریڈ ارباب قیصر خان تھے، جنھوں نے طورخم کسٹم کلیئرنس ایجنٹس کے نئے کابینہ ممبران سے حلف لیا۔
طورخم کسٹم کلیئرنس ایجنٹس کے چیئر مین معراج الدین شینواری اور صدر ایمل شینواری نے تقریب میں موجود تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کسٹم کلئیرنس ایجنٹس کو درپیش مسائل اور مشکلات سے حکام کو آگاہ کیا۔
حلف برداری کی تقریب سے مہمان خصوصی ڈائریکٹر کسٹم ٹرانزٹ ٹریڈ ارباب قیصر اور سابق صوبائی وزیر الحاج تاج محمد آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طورخم بارڈر پر کسٹم کلئیرنس ایجنٹس کے مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے عملی اقدامات کرینگے۔
مہمان خصوصی نے کہا طورخم کسٹم کلئیرنس ایجنٹس اور کسٹم حکام ملکر پاک افغان دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے بہتری کے لئے کردار ادا کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ کسٹم کلئیرنس ایجنٹس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائینگے تاکہ دو طرفہ تجارت مزید بہتر ہوسکے۔تقریب میں سابق صوبائی وزیر الحاج تاج محمد آفریدی، سابق ایم پی اے شفیق شیر آفریدی، خیبر چیمبر آف کامرس کے صدر جواد کاظمی، سرحد چیمبر آف کامرس کے ضیا الحق سرحدی سمیت دیگر مشران کے علاوہ طورخم کسٹم کلئیرنس ایجنٹس قومی مشران بلدیاتی نمائندگان اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔











