ڈیرہ غازی خان ،03 اکتوبر(اے پی پی ):ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجادحسن خان نے موجودہ حالت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران کو ریجن بھر میں اہم تنصیبات، حساس مقامات اور پولیس چیک پوسٹوں پر سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی زیر صدارت موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی اقدامات ،تھریٹ الرٹس اور پیش آمدہ چیلنجز کے حوالے سے خصوصی اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران نے اپنے اضلاع میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر اہم تنصیبات، غیرملکی شہریوں، مذہبی عبادت گاہوں، جوڈیشل کمپلیکس، گرجا گھروں و دیگر اقلیتی عبادت گاہوں اور ضلعی سطح پر پولیس چیک پوسٹوں پر کیے گئے سکیورٹی کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔
ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجادحسن خان نے کہا کہ ضلعی سربراہان فیلڈ میں رہیں اورروزانہ کی بنیاد پرحساس مقامات کے سکیورٹی اقدامات کا خود جائزہ لیں اور سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کو ہمہ وقت الرٹ رکھیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فورس کو تیار رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام داخلی و خارجی راستوں کی مکمل نگرانی اور مشکوک افراد کی نقل وحمل پر کڑی نظر رکھی جائے اور حساس مقامات،اہم تنصیبات کے گرد موثر گشت جاری رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے تمام وسائل بروئے کارلاکر جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔
اجلاس میں چاروں اضلاع ڈیرہ غازی خان ،مظفر گڑھ ،راجن پور اور لیہ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران ،ایس پی انوسٹی گیشن ،سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کے ڈویژنل و ڈسٹرکٹ افسران شریک ہوئے۔