ڈیرہ غازی خان، 31 اکتوبر (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں پنجاب بھر کے سنٹرز آف ایکسیلنس کے مابین پانچ روزہ سالانہ سپورٹس میلے کا آغاز کردیا گیا ہے ۔
اس حوالے سے افتتاحی تقریب گرلز سنٹر آف ایکسیلنس ڈی جی خان میں منعقد ہوئی ۔کمشنرڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ایم ڈی دانش اتھارٹی پنجاب احمر ملک،جنرل منیجر اکیڈمک سنٹر آف ایکسیلنس مظفر علی اور میزبان پرنسپل شبانہ آفرین کے ہمراہ کھیلوں کے مقابلوں کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر طالبعلموں کی طرف سے ٹیبلوز اور خاکے پیش کئے گئے۔مہانوں کو روایتی ثقافتی پگڑیاں پہنائی گئیں اور بورڈ کے سالانہ امتحانات کے پوزیشن ہولڈرز میں کیش ایوارڈ بھی تقسیم کئے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ڈی جی خان کو پنجاب بھر کے مقابلوں کی میزبانی ہمارے کےلئے بڑا اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس سے صحت مندانہ سرگرمیوں میں اضافہ اور بچوں میں قائدانہ صلاحیتیں پیدا ہوں گی اور میں بچوں سے کہنا چاہوں گا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے،دل چھوٹا نہ کرتے ہوئے آگے بڑھا جائے۔
اس موقع پر مینیجنگ ڈائریکٹر دانش اتھارٹی پنجاب احمر ملک اور دیگر نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں سے بچوں میں خود اعتمادی اور قائدانہ صلاحیتیں پیدا ہوں گی۔
تقریب میں موجود پرنسپل شبانہ آفرین اور دیگر نے کہا کہ سپورٹس گالا میں شرکت کرنے والی ٹیموں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔