ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں ایرانی تیل  و دیگر ممنوعہ اشیاء کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے کریک ڈاؤن جاری،7لاکھ 86ہزار 740 لیٹر تیل ضبط

34

ڈیرہ غازی خان، 26 اکتوبر (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں ایرانی تیل اور دیگر ممنوعہ اشیاء کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے جاری کریک ڈاؤن  کے دوران 7لاکھ 86ہزار 740 لیٹر تیل ضبط کرکے 122افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔اجلاس میں آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان ،ڈپٹی کمشنرز،ڈی پی اوز،پاک رینجرز،بی ایم پی،کسٹم،ڈویلپمنٹ اور دیگر محکموں کے افسران شریک ہوئے۔کمشنر ڈیرہ غازی خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈی جی خان ڈویژن ایرانی تیل اور دیگر ممنوعہ اشیاء کی سمگلنگ روکنے کےلئے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں اور صوبائی سرحدی راستوں سے کڑی نگرانی کےلئے مزید چیک پوسٹیں بھی بنائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ چیک پوسٹوں پر پنجاب پولیس،بی ایم پی،رینجرز اور دیگر سکیورٹی فورسز مشترکہ نگرانی کریں گی ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کو کھوکھلا کرنے والے سمگلرز کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا گیا ہے اور موجودہ چیک پوسٹ پر عملہ ہائی الرٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ آن لائن کیمروں سے بھی نگرانی کرائی جارہی ہے۔اجلاس میں بریفننگ کے دوران بتایا گیا کہ 6ستمبر سے اب تک 786740 لیٹر ڈیزل و پٹرول تحویل میں لیا گیا اور پٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی ترسیل پر 197گاڑیاں بند کی گئیں۔اس کے علاوہ 122 افراد گرفتار کئے گئے۔