ڈیرہ غازی خان،29 اکتوبر( اے پی پی ): پولیس نے بروقت کارروائی کرکے ایک کروڑ 20لاکھ روپے نقدی اور 70تولہ طلائی زیورات لوٹنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے ڈی پی او ڈیرہ غازی خان احمد محی الدین نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ تھانہ سول لائن کی حدود میں واقع فرید آباد کالونی میں نامعلوم ملزمان نے اسلحہ کے زور پرگھر میں داخل ہو کرافراد کو یرغمال بنا لیااور گھر میں رکھے ہوئے 70تولہ طلائی زیورات سمیت ایک کروڑ 20لاکھ روپے نقد رقم ڈکیتی کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔
ڈی پی او نے بتایا کہ واردات کی اطلاع 15پر دی گئی اور اطلاع ملتے ہی تھانہ سول لائن پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی میں نے خود بھی موقع واردات کا دورہ کیا اور ڈکیتی میں ملوث نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی۔انہوں کہا کہ خصوصی ٹیم نے جائے واردات کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مدد لی گئی۔انہوں کہا کہ بھرپور محنت سے6گھنٹے کے اندر واردات میں ملوث ڈاکووں جاویدسکنہ اوچ شریف اور غلام عباس چنڑ سکنہ آلہ آبادکو نہ صرف ٹریس کیا بلکہ ڈکیتی میں ملوث دو ڈکیت ملزمان کو گرفتار کر کے ڈکیتی کیے گئے 70تولہ طلائی زیورات اورایک کروڑ 20لاکھ روپے بھی برآمد کر لیے گئے جبکہ ڈکیتی میں ملوث تیسرے ملزم محمد رمضان کی گرفتاری کے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او نے کہا کہ ڈیرہ غازیخان پولیس کی یہ بہترین کارروائی قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل ڈکیتی و چوری میں ملوث ملزمان کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے اور جلد ڈکیت گینگ کو گرفتار کر کے ریکوری مالکان کو دی جائیں گی۔











