ڈیرہ غازی خان،20 اکتوبر( اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے لیے کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں دیگر ضلعی افسران موجود تھے،اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کویقینی بنایا جائے اور انتظامی افسران و سیکرٹری آر ٹی اے بس سٹینڈز کے وزٹس کو باقاعدہ شیڈول میں شامل کریں۔
انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں موجود مسافروں سے کرایہ کے بارے میں معلومات لی جائیں اور زائد کرایہ کی وصولی پر سخت کارروائی کی جائے،کمشنر نے کہا کہ نئے کرایہ کے بورڈ، پینافلیکس نمایاں مقامات پر آویزاں کرائے جائیں اور انجمن تاجران کی مشاورت سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں واضح کمی کرائی جائے،سہولت بازاروں میں مثالی اقدامات کرائے جائیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 6 ستمبر سے 18 اکتوبر تک 465 ناجائز منافع خور گرفتار کر کے51 لاکھ 81 ہزار روپے جرمانہ کئے گئے اس کے علاوہ 25 کاروباری مراکز سربمہر کئے گئے۔مزید بتایا گیا کہ مجسٹریٹس نے ڈویژن بھر میں مارکیٹوں کے 52377معائنے کئے اور 46666 مقامات پر پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پائی گئی۔











