تھرپارکر؛27 اکتوبر کو مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف “ یوم سیاہ کشمیر ” منانے کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

13

تھرپارکر،20 اکتوبر( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو تھرپارکر بھگوان داس کی صدارت میں مقبوضہ جموں وکشمیرپربھارتی ناجائز قبضے کے خلاف 27 اکتوبر کو ضلع تھرپارکر میں یوم سیاہ کشمیر منانے کے حوالے سے انتظامات کا جائز لینے کے لیے اجلاس کانفرنس ہال ڈی سی آفیس میں منعقد ہوا۔

 اجلاس میں ڈسٹرکٹ کے تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ، مختیارکارز سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے ڈسٹرکٹ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو تھرپارکر کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر کا دن کشمیرکی تاریخ میں وہ سیاہ دن ہے جس دن بھارت نے تمام تر عالمی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا اور آج بھی ہمارے کشمیری بھائی اپنے حق خودارادیت کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا ان حالات میں ہمارا قومی فریضہ ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیرپربھارتی ناجائز قبضے کے خلاف یوم سیاہ بھرپور انداز سے منائیں اور اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں۔ انہوںنے یوم سیاہ منانے کے حوالے سے متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کا جائزہ لیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس قومی فریضے کی ادائیگی میں تمام متعلقہ ادارے جاں فشانی سے کام کریں گے اور 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کشمیرمنانے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر سمیت تمام تعلقوں میں پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرسمیت ساری دنیا تک یہ پیغام پہنچانا ہے کہ کشمیری اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے کو کسی صورت میں تسلیم نہیں کرتے اورکشمیر کی آزادی اور حق خودارادیت کے حصول تک ہم کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔