ڈی جی خان؛ڈی سی کے ٹی ایچ کیو ہسپتال اور رورل ہیلتھ سنٹرکے اچانک دورے ،مریضوں کیلئے طبی سہولیات کا جائزہ لیا

26

ڈیرہ غازی خان،8 اکتوبر( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے رات گئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹ چھٹہ اور رورل ہیلتھ سنٹر چوٹی زیریں کے اچانک دورے کر کے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

 ڈپٹی کمشنر نے اس دوران مختلف وارڈز میں طبی سہولیات کی فراہمی،صفائی و ستھرائی اور ادویات کے سٹاک کا معائنہ کرنے کے علاوہ ڈیوٹی روسٹر کے مطابق ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضریاں بھی چیک کیں۔

انہوں نے ہسپتال میں مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان سے علاج معالجہ کے حوالے سے دی جانے والی سہولیات دریافت کیںاور موقع پر مریضوں اور انکے لواحقین کو سہولیات کی فوری دستیابی بارے احکامات بھی دیئے۔

ڈی سی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ہسپتال و دیہی مراکز صحت میں آنیوالے ہر مریض کو اچھے طریقے سے ٹریٹ کیا جائے اور ڈیوٹی پر معمور ڈاکٹرز لوگوں کی تکالیف کو کم کرنے میں اپنا کردار جاری رکھیں،انکی تھوڑی سی توجہ سے مریض ذہنی طور پر خود کو بہتر محسوس کرتے ہیں،ڈپٹی کمشنر نے سی ای او ہیلتھ کو معاملات مزیدبہتر کرنے اور سروس ڈیلیوری میں جدت لانے کی ہدایات بھی دیں۔