بھکر،8 اکتوبر( اے پی پی): پاکستان میں قدرتی آفات سے بچاﺅ اور انکے بارے میں آگاہی کےقومی دن پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان کی زیر قیادت آگاہی واک نکالی گئی ۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا کہ آج پاکستان میں قدرتی آفات سے بچاﺅ اور ان کے بارے میں آگاہی کا قومی دن منایا جارہا ہے ،8اکتوبر 2005 ءکے زلزلے کو پاکستان کی تاریخ کا بدترین زلزلہ کہا جاتا ہے جس کے نتیجہ میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور خیبرپختونخوا میں بڑے پیمانے پر تباہی آئی تھی جس سے سینکڑوں عمارتیں زمین بوس ہو گئی تھی اور لگ بھگ ایک لاکھ افراد لقمہ اجل بن گئے تھے ،آج کا دن 8اکتوبر کے زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی اور عوام الناس میں قدرتی آفات سے نمٹنے اور نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے آگاہی فراہم کرنے کا دن ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا کہ پاکستان کو مسلسل تباہ کن سیلابوں اور زلزلوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جانی نقصانات کے خطرات کم کرنے کیلئے مضبوط ڈھانچوں کی تعمیر ناگزیر ہے، حکومت پاکستان قدرتی آفات کے تسلسل اور شدت سے بخوبی آگاہ ہے اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان کے نفاذ اور خطرات کم کرنے کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے ،یہ دن منانے کا مقصد قدرتی آفات سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ ہے۔











