کسی سے زیادتی نہیں ہوگی لیکن غیر قانونی طورپر مقیم کسی غیر ملکی کو نہیں رہنے دیا جائے گا؛محسن نقوی

39

لاہور،6 اکتوبر(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے شاہدرہ فلائی اوورز اوربند روڈ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور منصوبوں کا دورہ کیا اورسائٹس پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوورز کا معائنہ کیا اور پل سے شاہدرہ چوک میں جاری تعمیراتی کاموں کا مشاہدہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کے کاموں پر ہونے والی پیش رفت کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فلائی اوورز پر اسفالٹ اوراطراف کی سڑکوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نئے راوی پل کے منصوبے پر بھی کام تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شاہدرہ فلائی اوورز منصوبے کا مجموعی طور پر 90 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے اورفلائی اوورز کو رواں ماہ ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔پراجیکٹ مکمل ہونے سے شہر کے اہم داخلی و خارجی راستے پرٹریفک کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوگا۔

کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا، چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور کنٹریکٹر نے منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ شاہدرہ چوک فلائی اوورز منصوبے کی تکمیل سے یومیہ 3 لاکھ گاڑیاں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی۔فلائی اوورز کے دونوں برج پر کام تکمیل کے قریب ہے اور الیکٹرک پولز کی فکسنگ جاری ہے۔بعدازں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بند روڈکنٹرولڈ ایکسس کوریڈور منصوبے کا دورہ کیا اورتعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پراجیکٹ کے دونوں پیکیج کی سائٹس پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل ہونا چاہیے۔بند روڈ پراجیکٹ کی تکمیل سے لاہور کے کسی بھی علاقے سے موٹر وے تک فوری رسائی ممکن ہوگی۔کنٹرولڈ ایکسس کوریڈورکی وجہ سے وقت اور ایندھن کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہو گی۔بند روڈ ایکسس پراجیکٹ کی تکمیل سے لاہور کا ٹریفک سرکل مکمل ہوجائے گا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تعمیراتی کاموں کے دوران ٹریفک مینجمنٹ کا انتظام بہتر بنانے کی ہدایت کی۔کمشنر لاہورڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوااورکنٹریکٹرزنے پراجیکٹ کے بارے میں بریف کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ 7.3کلومیٹر طویل کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ پراجیکٹ کی تعمیر 4ماہ میں مکمل ہوگی۔پیکیج ون میں نیازی تا سگیاں انٹرچینج اور پیکیج ٹو میں سگیاں انٹرچینج تا بابو صابو انٹرچینج کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور تعمیرکیا جارہاہے۔کنٹرولڈ ایکسس کوریڈورکے اطراف میں بھی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔ پیکیج ون کی لمبائی 3.65 کلومیٹر ہے جبکہ پیکیج ٹو کی لمبائی 3.65 کلومیٹر ہے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نیازی چوک تا بند روڈ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈورکی تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ شاہدرہ پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کررہا ہے،پل مکمل ہوچکا ہے دیگر تعمیراتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہے۔بند روڈ کے بڑے پراجیکٹ کو دو تعمیراتی کمپنیاں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گی۔دن رات کام کر کے بند روڈ پراجیکٹ کو 120دن سے پہلے ہی مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔بند روڈ پراجیکٹ کے دونوں پیکیج بیک وقت شروع ہوچکے ہیں۔راولپنڈی میں رنگ روڈ، سیف سٹی اتھارٹی سمیت د رجنوں زیر التوامنصوبے شروع کرائے ہیں۔راولپنڈی کے پراجیکٹ90سے 180دن میں مکمل کروائیں گے۔ راولپنڈی رنگ روڈ کا ایک پورشن جلد مکمل کرلیا جائیگا۔ گوجرانوالہ،فیصل آباد اورراولپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹ150دن میں بیک وقت مکمل کروائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی سے زیادتی نہیں ہوگی لیکن غیر قانونی طورپر مقیم کسی غیر ملکی کو نہیں رہنے دیا جائے گا۔ جوغیر ملکی غیر قانونی طورپر پنجاب میں مقیم ہے ان سے کہتا ہوں خود واپس چلے جائیں۔ پنجاب میں مقیم غیر ملکیوں کا ابتدائی ڈیٹا تیار کرلیاگیا ہے،دیگر ادارے بھی غیر ملکیوں کا ڈیٹا اکٹھے کرنے پر کام کررہے ہیں۔پنجاب میں غیر ملکیوں کو خود چلے جانا چاہئے ورنہ بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چار دن سکول بند کرنے سے آشوب چشم کے کیسز میں واضح کمی آئی ہے۔ناسازی طبع کے باوجود دورے کرنے کے سوال پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ الحمداللہ بہتر محسوس کررہا ہوں۔

صوبائی وزراء عامر میر،اظفر علی ناصر،ڈپٹی کمشنر اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔