کوئٹہ ،29 اکتوبر( اے پی پی ):سبی تا ہرنائی کے درمیان سڑک کی عدم موجودگی میں ریلوے کی بحالی مسافروں کیلئے سفری سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گی اس سروس سے مریضوں کو بروقت بڑے شہروں میں جانے کی آسانی ہوگی اور ایمر جنسی میں علاج کی سہولیات میسر بھی آسکیں گے۔ اس سیکشن کی بحالی میں عوام کا بھرپور تعاون رہا ،اس کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ریلوے کا مکمل طور پر ساتھ دیا ٹریک کی بحالی پر ریلوے منسٹر اور ریلوے افسران کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے سبی تا ہرنائی ریلوے ٹرین سروس کی بحالی کے افتتاح کی تقریب کے موقع پر کیا ۔
واضح رہے کہ نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی اور نگران وفاقی وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ کے افتتاح کے بعد سبی تا ہرنائی ریلوے ٹرین سروس18 سال بعد بحال ہوگئی ہے ۔ یہ ریلوے ٹریک فروری 2006ءمیں بند تھا جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سبی تاہرنائی ریلوے ٹرین کی بحالی کی تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے مزید کہا کہ عوام کی امنگوں کے مطابق طویل مدت سے بند سبی، ہرنائی سیکشن کو از سر نو کھولا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کو یہ اعزا ز حاصل ہے کہ آج 18سال بعد ہم اسے دوبارہ بحال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین سروس کی بحالی سے نہ صرف لوگوں اور سامان کی رسد میں آسانی ہوگی بلکہ روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ 25 دسمبر کو بولان میل جبکہ دوسرے مرحلے میں نواب اکبر خان بگٹی ایکسپریس بحال کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو ریلوے کی بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور نگران وفاقی وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڈ خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔











