گمشدہ بچوں کی تلاش اور آگاہی کیلئے حکومت اور معاشرہ میں تعاون نا گزیر ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا زینب الرٹ رسپانس اینڈ ریکوری ایکٹ 2020  کے نفاذ سے متعلق اجلاس میں اظہار خیال

2

اسلام آباد۔10اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ گمشدہ بچوں کی تلاش اور آگاہی کیلئے حکومت اور معاشرہ میں تعاون نا گزیر ہے، لاپتہ بچوں کے بارے میں شکایات کے بروقت اندراج کیلئے زارا ہیلپ لائن “1099” کے حوالہ سے آگاہی ضروری ہے۔ ایوان صدر پریس ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان خیالات کا اظہار زینب الرٹ رسپانس اینڈ ریکوری ایکٹ 2020 (زارا) کے نفاذ سے متعلق منگل کو یہاں ایوان صدر میں منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے اغواء شدہ اور لاپتہ بچوں کے حوالہ سے شعور اجاگر کرنے کیلئے سول سوسائٹی، این جی اوز، قومی اور صوبائی محکموں کے مابین تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زینب الرٹ ایکٹ کے بارے میں مقامی سطح پر آگاہی پیدا کرنا ہوگی۔ صدر مملکت نے کہا کہ لاپتہ بچوں کے بارے میں شکایات اور ایف آئی آر کا بروقت اندراج یقینی بنانا پولیس حکام کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں زینب الرٹ ایکٹ کا نفاذ یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ لاپتہ بچوں کی شکایات پر مقامی پولیس کے رسپانس ٹائم کو بہتر بنایا جانا چاہئے، مقامی پولیس لاپتہ بچوں کی تلاش کے لیے فوری کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بچے کی گمشدگی کے بعد کے ابتدائی 24 گھنٹے تلاش  میں  انتہائی اہم ہوتے ہیں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ متاثرہ بچوں اور ان کے خاندانوں کو نفسیاتی و سماجی مشاورت فراہم کرنے  کے معاملہ پر بھی تعاون درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گمشدہ بچوں کی حفاظت اور تلاش کیلئے سول سوسائٹی اور سرکاری محکمے باہمی تعاون کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ زرا ایکٹ کے صوبائی اور ضلعی سطح پر نفاذ میں حائل خامیوں کی نشاندہی کرنے اور اس کے نفاذ کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے ہدایت کی کہ اس حوالہ سے سول سوسائٹی اور این جی اوز سے مشاورت کے بعد بہتری کیلئے اصلاحی اقدامات کئے جائیں، مناسب وسائل اور لوگوں میں بیداری پیدا کرکے زارا کی کوریج کو پورے ملک تک بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلپ لائن 1099، وزیراعظم سٹیزن پورٹل اور زارا ایپ پر لاپتہ بچوں کے بارے میں الرٹس اور شکایات کے بہتر انتظام کو یقینی بنایا جائے، لاپتہ بچوں کے معاملات پر شکایت کنندگان کو 24 گھنٹے / 7 دن سروس کی فراہمی ضروری ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری وزارت انسانی حقوق اللہ دینو خواجہ، ڈائریکٹر جنرل زارا، بچوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی مختلف این جی اوز کے نمائندوں اور اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔