ڈیرہ غازی خان۔ 20 نومبر (اے پی پی):غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان کے 12 طالبعلموں میں 2 لاکھ 50 ہزار روپے کے شکالر شپ تقسیم کر دئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی طرف سے ڈائریکٹوریٹ آف فنانشل اسسٹنس ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام غازی یونیوسٹی کے طلباء و طالبات کی مالی معاونت کیلئے سکالرشپ دینے کی تقریب یونیورسٹی کے ویڈیو کانفرنس روم میں منعقد ہوئی، جس میں تعلیمی وظائف حکومت پنجاب کی طرف سے غازی یونیورسٹی کے سٹوڈنٹس کو مہیا کیے گئے۔
اس موقع پر لیکچرر سوشیالوجی قراۃ العین، ڈاکٹر محمد علی تارڑ، ڈاکٹر انصر علی، مرزا توقیر بیگ اور ڈاکٹر وسیم عباس گل نے کہا کہ وظیفہ حاصل کرنے والے تمام طلباءو طالبات اپنی تعلیمی کارکردگی کو مزید بڑھائیں اور تدریسی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں۔ انہوں نے مالی امداد کی فراہمی پر حکومت پنجاب اور متعلقہ محکموں کا بھی شکریہ ادا کیا۔سکالرشپ حاصل کرنے والے 12 طلباء و طالبات میں دولاکھ پچاس ہزار روپے سے زیادہ کی رقم تقسیم کی گئی۔