نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کا گنگارام ہسپتال کا دورہ

57

لاہور، 29نومبر(اے پی پی): نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے رات گئے اچانک گنگارام ہسپتال کا دورہ کیا، ایمرجنسی وارڈ اور ری ویمپنگ پر جاری پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے گنگارام ہسپتال کی ایمرجنسی میں مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔نگران صوبائی وزیر صحت گنگارام ہسپتال میں ری ویمپنگ منصوبے پر سست روی اور ایمرجنسی میں ادویات کی قلت پر انتظامیہ پر برہم ہو گئے۔انہوں نے ہدایت دی کہ ایم ایس گنگا رام ہسپتال خود کھڑے ہو کر ری ویمپنگ کے عمل کی مانیٹرنگ کریں۔

ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ گنگارام ہسپتال کی ایمرجنسی میں مریضوں کو کوئی مشکل نہیں آنی چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج و معالجہ میں غفلت برتنے والا ایم ایس سیدھا گھر جائے گا۔ ایم ایس حضرات سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے مشکلات نہیں بلکہ آسانیاں پیدا کریں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈاکٹرز سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو اپنا مریض سمجھ کر بہترین طبی سہولیات فراہم کریں۔ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج و معالجہ میں ایک فیصد بھی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے گنگارام ہسپتال میں ری ویمپنگ کا کام ہر قیمت پر مقررہ وقت میں مکمل چاہئے۔ عوام کے ٹیکسوں سے بنائے جانے والے سرکاری ہسپتالوں کو بہتر علاج گاہیں بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔