آفات کے وقت ضلعی انتظامیہ کو بروقت فیصلے لینے چاہئیں ؛نگراں صوبائی وزیر  قادر بخش بلوچ

37

کوئٹہ،17 نومبر (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر برائے تعلیم و سیاحت قادر بخش بلوچ نے کہا ہے کہ آفات کے وقت ضلعی انتظامیہ کو فیصلے لینے چاہئیں اور آفات کے بعد پیدا ہونےوالے حالات کو اپنے کنٹرول میں لے کر لوگوں کی مدد کرنی چاہئے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں  نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے منعقد کردہ سہ روزہ سمینار کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کوئٹہ کی جانب سے فرضی تجربات کے حوالے سے سہ روزہ سیمینار کے تیسرے اور اختتامی روز مسلح افواج، این جی اوز، کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران، نصیر آباد ڈویژن اور پی ڈی ایم اے بلوچستان کے سنڈیکیٹ ممبران نے قدرتی آفات سے پیدا ہونے والے مسائل ، مقامی آبادی کو آفت کی جگہ سے محفوظ جگہ منتقل کرنا، عارضی رہائشی کیمپوں کیلئے مخصوص جگہوں کا تعین، ان کیمپوں میں متاثرین کی آباد کاری، لوگوں کو کھانے کے چیزوں کی فراہمی کا طریقہ کار، ارد گرد کے علاقوں سے پانی کے  نکاس، متاثرین کو صحت کی سہولیات کا باہم پہنچانے، ان کے مال  مویشیوں  کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا، نقصانات کا تخمینہ لگانا، متاثرین کی دوبارہ ان کے علاقوں میں آبادکاری و سہولیات کی  فراہمی وغیرہ جیسے موضوعات  پر تبادلہ خیال کیا۔

 سنڈیکیٹ ممبران کی جانب سے مکران اور لسبیلہ کے ساحلی علاقوں میں آنے والے طوفان کے متعلق ادارے کی تیاریوں کے بارے فرضی مشقیں کی گئیں جس میں مقامی آبادی کو وارننگ جاری کرنا، عارضی کیمپوں کا قیام، ٹریفک کے لیے متبادل راستے اور طوفان متاثرین کو کھانے، پانی اور بجلی کی سہولیات پہنچانا شامل تھے۔

واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کوئٹہ میں 15 سے 17 نومبر 2023 تک اپنی نوعیت کی پہلی صوبائی سطح کی سمولیشن ایکسرسائز (سم ایکس) کے حوالے سے تین روزہ سیمینار کا کوئٹہ کلب  میں انعقاد  کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد کثیر خطرات پر مشتمل فرضی مشقوں کے حوالے سے بلوچستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے منسلک اداروں کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاری اور ردعمل کی صلاحیتوں میں اضافہ کرناتھا ۔