لاہور، 15نومبر(اے پی پی): چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلا تفریق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے گفتگو کرتے ہوئے ہدایات دی کہ الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز کے مطابق عام انتخابات کیلئے تمام انتظامات بر وقت مکمل کر لئے جائیں۔
چیف سیکرٹری نے عملہ کی تعیناتی، پولنگ سٹیشنز پر مطلوبہ سہولیات کی فراہمی، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی کیلئے جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی دی، عام انتخابات کے انتظامات کیلئے سیکرٹری بلدیات کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، بلدیات، تعلیم اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور الیکشن کمیشن کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔











