لاہور، 15 نومبر ( اے پی پی ): داتا دربار توسیع کے حوالے سے کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس ہوا ۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا کہ مزارحضرت علی بن عثمان الہجویری المعروف داتا گنج بخش مرجع خلائق کا مرکز ہے،4۔17 کنال مزید اراضی کو شامل کرکے داتا دربار کی توسیع کیجارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور مجاورین داتا دربار کے توسیعی منصوبے میں اپنا اپنا کردار ادا کرینگے،مجاورین کی منشاء کیمطابق انکو متبادل جگہ اوقاف و ضلعی انتظامیہ کیطرف سے مہیا کی جارہی ہے۔
کمشنر نے ایڈمنسٹریٹر داتا دربار کو متبادل الاٹمنٹ،سٹرکچر کاسٹ پر رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کردی اور کہا کہ حضرت داتا گنج بخش دربار کی توسیع متبرک و مقدس کام ہے،سب کا اتفاق ہے۔انہوں نے داتا دربار توسیع منصوبے کا پی سی ون بنانے کی ہدایت کی اور ضلعی انتظامیہ لاہور کو 17کنال ایریا میں کمرشل سرگرمیوں کو رکوانے کی بھی ہدایت کی۔
سیکرٹری اوقاف پنجاب سید طاہر رضا بخاری ڈی سی لاہور رافعہ حیدر،ایڈیشنل کمشنر حامد ملہی،اے سی صاحبزادہ یوسف، اے سی آر اظہارالحق باجوہ،ایڈمنسٹریٹر داتا دربار نے اجلاس میں شرکت کی۔











