لاہور،17 نومبر(اے پی پی): نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے یونیورسٹی آف پنجاب کے سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام لانچنگ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سوشل ورک پریکٹل مینول کی لانچنگ پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف دی پنجاب اور انکی ٹیم کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ لوگ سوشل ورک بارے بہت کم آگاہی رکھتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ کل ملتان میں اینٹی ریپ سیل کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلی میری پہچان ایک انسان اور نبی کریمﷺ کا امتی ہونا ہے۔ کام کرنے والے انسان کے خلاف ہمیشہ سازشیں ہوتی ہیں۔ ہمارے ایمان کی کمزوری کے باعث ناکامی ہوتی ہے۔ نبی کریمﷺ کی حدیث کا مفہوم ہے کہ اپنی ہر نماز کو آخری نماز سمجھو۔
پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ سوشل ورک ہر انسان کا کام ہے اور ہر وقت انسان کے پاس بہتری کے مواقع ہوتے ہیں۔ انسان کے مثبت رویے سے بہتری کا آغاز ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل ویلفیئر ہماری آزمائش کا حصہ ہے۔ بطور مسلمان ہماری ساری زندگی سوشل ویلفیئر کے گرد ہی گھومتی ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ پرفارمر اور نان پرفارمر میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے، پرفارمرز روزانہ بہتری کے مواقع سے استفادہ کرتے ہیں۔ پاکستان میں ایک دوسرے پر انحصار ہونا اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے۔ ہمیں آج لوگوں کے مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے ہوں گے۔ سوشل ویلفیئر ایک مشن کا نام ہے۔ ایک ڈاکٹر کو ہمیشہ دکھی انسانیت سے واسطہ پڑتا ہے۔ ہمیں معاشرے میں ایوی ڈینس بیسڈ سٹڈیز پر توجہ دینی ہو گی۔
سوشل ورک کی گائیڈ لائنز کیلئے ملٹی ڈسپلنری گروپ بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی بہتری کیلئے ہمیں اپنے ذہن بدلنے ہوں گے۔ انشاء اللہ ان گائیڈ لائنز کی وجہ سے ہم زندگی میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔
اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف دی پنجاب پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ڈی جی محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال مدثر ریاض ملک، پروفیسر ڈاکٹر عظمی عاشق، پروفیسر سید اخلاق حسین شمسی، پروفیسر آصف نوید رانجھا، سلمان عابد، پروفیسر بینش، ڈاکٹر عالیہ، ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر عرفان گوندل، ڈاکٹر بشری، صفدر عباس، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔لانچنگ تقریب کے دوران مقررین نے سماجی خدمات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔لانچنگ تقریب میں نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی طبی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔











