تھرپارکر؛بہتر تعلیم کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، اساتذہ اور شاگردوں کی حاضری کو یقینی بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر

4

تھرپارکر،14  نومبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی  نے کہا ہے کہ تھرپارکر میں بہتر تعلیم کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، اسکولوں میں اساتذہ اور شاگردوں کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔

ایجوکیشن افسران سے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے  کہا کہ تھرپارکر میں بہتر تعلیم کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، تعلیم کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ضلعی افسران سمیت تعلقه افسران اسکولوں کا دورہ کر کے اسکولوں میں اساتذہ اور شاگردوں کی حاضری کو یقینی بنائیں اور غیر حاضر اساتذہ کے خلاف بروقت کارروائی کی جائے، جو بھی اساتذہ اسکول جانے کے بجائے کاروبار کر رہے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ افسران اور اساتذہ گاؤں والوں سے ملاقاتیں کر کے بچوں کی حاضری کو یقینی بنایا جائے، اس حوالے سے کوئی بھی غفلت برداشت نہیں کی جائے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے حوالے سے شکایات کو فوری طور پر حل کرنے کی کوشش کی جائے اور محکمہ ایجوکیشن تھرپارکر اپنی کارکردگی رپورٹ ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں جمع کرائیں۔

ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے کہا کہ ہر اسکول میں ایک رجسٹر رکھا جائے، جس میں اسکول کا استاد اپنی چھوٹی درج کر کے جائے، جس سے اسکول کے دورے پر آنے والے افسران کو اساتذہ کی حاضری کا پتہ چل سکے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری شمس الدين راٹھور، چیف مانیٹرنگ آفيسر محمد ابراهيم سمیت تعلقه ایجوکیشن افسران نے تھرپارکر میں موجودہ تعلیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو بھگوان داس سمیت تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، تعلقه ایجوکیشن افسران موجود تھے۔