حیدرآباد؛، گھوسٹ ملازمین کے خاتمے کے لیے نادرا کی مدد سے جانچ پڑتال کی جارہی ہے، صوبائی وزیر محمد مبین جمانی

69

حیدرآباد، 17 نومبر(اے پی پی): نگراں صوبائی وزیر بلدیات، ٹاﺅن اینڈ پلاننگ اور بحالی محمد مبین جمانی نے کہا ہے کہ اس وقت میونسپل کارپوریشن ، میونسپل کمیٹی ، ٹاﺅنز اور یوسیز کو حاصل ہونے والی آمدنی و فنڈز سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی پر خرچ ہوجاتے ہیں ، گھوسٹ ملازمین کے خاتمے کے لیے نادرا کی مدد سے جانچ پڑتال کی جارہی ہے، ملازمین کے اکاﺅنٹس کھلوا کر ان کی تنخواہیں براہ راست اکاﺅنٹس کے ذریعے ادا کی جائیگی اور بائیو میٹرک سسٹم شروع کیا جارہا ہے جس کے ذریعے معلوم ہوجائے گا کہ کون کام کررہا ہے اور کون سے گھوسٹ ملازمین ہیں۔

 ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کو حیدرآباد چیمبر آف سمال ٹریڈرس اینڈ اسمال انڈسٹری کی جانب سے حیدرآباد کلب میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں سالڈ ویسٹ منجمنٹ کے کام میں مزید بہتری لانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں  گے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا اثررسوخ استعمال کرتے ہوئے ذاتی حیثیت سے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ لوگ اچھے لفظوں میں یاد رکھیں ۔

اس موقع پر میئر حیدرآباد کاشف شورونے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ہم حیدرآباد کی عوام کے مسائل حل کریں اور تمام بنیادی سہولیات فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ اگرادارے کی جانب سے واسا کے واجبات کی ادائیگی ہوجائے تو کافی حد تک مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

قبل ازیں حیدرآباد چیمبر آف سمال ٹریڈرس اینڈ اسمال انڈسٹریز کے صدر فاروق شیخانی نے خطاب کرتے ہوئے حیدرآباد کو درپیش مختلف مسائل بالخصوص ایچ ڈی اے، واسا، سندھ بلڈنگس کنٹرول اتھارٹی کے حوالے سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا جبکہ چیمبر کی سب کمیٹی برائے بلدیاتی امور کے کنوینر کاشف شیخ نے کہا کہ بلدیاتی حکومت کی یہ ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ غریب عوام کے لیے سرکاری زمین پرسستی رہائشی اسکیمیں بنائیں تاکہ غریب عوام کو ریلیف مہیا کیاجاسکے۔انہوں نے گلستان سرمست کے متعلق مسائل سے بھی آگاہ کیا۔