پشاور،17نومبر(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے ملکی تعلیمی اداروں کو صف اول کے تعلیمی معیار میں لانا ہوگا، خواتین کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے شہید بینطیر بھٹو وویمن یونیورسٹی پر بھاری ذمہ داری عائد ہے،بچیوں کو جدید ٹیکنالوجی اور انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق ریسرچ کیلئے تیار کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں شہید بینظیر بھٹووویمن یونیورسٹی کی جانب سے 5 روزہ دوستی پشاور وویمن لٹریچرفیسٹول کے منتظمین اورفیکلٹی اراکین سے ملاقات کے دوران کیا اور لٹریچر فیسٹیول کے انعقاد پر دوستی آرگنائزیشن اورشہید بھٹو وویمن یونیورسٹی کوسراہا۔
شہید بینظیر بھٹو وویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صفیہ احمدنے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد میں گورنر حاجی غلام علی کی تعاون کا شکریہ ادا کیا اور5 روزہ فیسٹیول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی طالبات اور فیکلٹی اراکین گورنرکے شکرگزار ہیں انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کے تعاون سے صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ کسی یونیورسٹی میں صرف خواتین کیلئے مخصوص لٹریچر فیسٹول کا انعقاد کیا گیاجس میں صوبہ بھر سے طالبات نے حصہ لیا اور اس عزم کا اظہارکیا کہ آئندہ بھی ایسے فیسٹیول کا انعقاد کیا جائیگا۔
وائس چانسلر نے فیسٹیول میں نگران صوبائی وزیر صنعت عامرعبداللہ اور میئر پشاور حاجی زبیر علی کے تعاون اور حوصلہ افزائی کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے یونیورسٹی انتظامیہ اور فیکلٹی اراکین کو کامیاب فیسٹیول کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کہاکہ اُن کی خواہش ہے کہ یونیورسٹیوں سمیت تمام تعلیمی اداروں میں طلباء وطالبات کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کیلئے بھی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور اُن کو جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ ایک بہترین ماحول بھی مہیاکیاجائے۔
گورنر نے کہاکہ وہ عملی زندگی پر یقین رکھتے ہیں،ماضی کی بجائے مستقبل پر نظر رکھی جائے تو نہ صرف منزل کی جانب راستے کھلیں گے بلکہ کامیابی بھی نصیب ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ کامیابی کے حصول کے لئے عزم، لگن، جنون، مسلسل جد و جہد اور اللہ پر پختہ یقین اس مشکل کو آسان بناتا ہے۔
گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ معاشرے میں امیر وغریب کے فرق کاخاتمہ صرف اعلی اور معیاری تعلیم کی فراہمی سے ہی ممکن ہے۔ اپنے مقصد میں کامیابی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے مشکلات اور درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے نوجوانوں کی ذہن سازی کی اشد ضرورت ہے اور اس قسم کی ادبی سرگرمیاں اس ضمن میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کو اپنی جانب سے مستقبل میں بھی صحت مندانہ سرگرمیوں کے انعقاد کے حوالے سے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔
ملاقات میں وویمن لٹریچر فیسٹول کی ارگنائز رپروفیسر ڈاکٹر حامدہ، ڈپٹی رجسٹرار تشفین، کوآرڈینیٹر ایف پی سی سی آئی سرتاج خان، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر ارشاد مظہر سمیت لٹریچر فیسٹول کے دیگر منتظمین اور فیکلٹی اراکین بھی شریک تھے۔











