ذیابیطس کے مرض پر قابو پانے کیلئے خصوصی ٹاسک فورس بنانی ہوگی، نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم

118

 

لاہور،27نومبر (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ ذیابیطس کے مرض پر قابو پانے کیلئے خصوصی ٹاسک فورس بنانی ہوگی،پنجاب کی طبی درسگاہوں میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرا ء اجلاس میں وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے شرکت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں نگران صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر، وزیر صحت سندھ، وزیر صحت خیبر پختونخواہ و دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے طبی سہولیات، نیشنل میڈیسن فریم ورک، ادویات، ذیابیطس اور ہیپاٹائٹس پر قابو پانے سمیت دیگر اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی جانب سے صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے بین الصوبائی وزرا ءصحت کا اجلاس منعقد کرنے کا اقدام انتہائی خوش آئند ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ذیابیطس پاکستان میں تیزی سے پھیلنے والی بیماری بن چکی ہے۔ پاکستان میں ذیابیطس کے مرض پر قابو پانے کیلئے خصوصی ٹاسک فورس بنانی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ذیابیطس کی شرح بڑھنے سے مزید ہزاروں ڈائیلسز مشینیں درکار ہیں۔ذیابیطس پر قابو پانے کیلئے ہمیں اینٹی نیٹل کیئر کو بہتر بنانا ہوگا۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی قیادت میں صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔پنجاب کی طبی درسگاہوں میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔پنجاب کے سو سے زائد سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کی جا رہی ہے۔