نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات، دوطرفہ سٹرٹیجک تعاون اور بات چیت کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ

255

 

ابوظہبی،27نومبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے زور دیا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہرآزمائش پر پورا اترے ہیں، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سٹرٹیجک تعاون اور بات چیت کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

 پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کی ہرآزمائش پر پورا اترے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ سٹرٹیجک تعاون اور بات چیت کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 وزیراعظم نے اقتصادی اور مالیاتی شعبے میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے لئے بھرپور تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات 1.8 ملین پاکستانیوں کا گھر ہے جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے خصوصی طور پر علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لئے پاکستان کی حمایت کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے 28ویں کانفرنس آف پارٹیز (کوپ۔28 ) کے لئے یو اے ای کی صدارت کے لئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے لاس اینڈ ڈیمج فنڈ کے قیام سمیت ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کے لئے کلیدی شعبوں میں موثر اور نتیجہ خیز عالمی اقدامات کی جانب بامعنی پیشرفت کے موقع کے طور پر اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ دونوں رہنماوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان توانائی، پورٹ آپریشنز پروجیکٹس، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سکیورٹی، لاجسٹکس، معدنیات اور بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا مشاہدہ کیا۔ ان مفاہمت ناموں کی بدولت متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو گی اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی ) کے تحت مختلف اقدامات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کو ایک تاریخی اقدام قرار دیا جس سے پاک متحدہ عرب امارات اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔