عوام کی بے لوث خدمت ہمارا نصب العین اور ایمان کا حصہ ہے؛ نعمت اللہ ظہیر

74

 

پشین،19 نومبر(اے پی پی ):خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے چیئرمین، معروف عالمی شہرت یافتہ سماجی  شخصیت نعمت اللہ ظہیر نے کہا ہے  کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا نصب العین اور ایمان کا حصہ ہے، تمام تر مشکلات کے باوجود ہم یہ مشن جاری رکھیں گے، انسانوں کے چہرے پہ مسکراہٹ لا کر اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کی جا سکتی ہے، خدمت خلق فاؤنڈیشن بلا امتیاز خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  اتوار کو یہاں  اپنی رہائشگاہ پر  بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا  کہ معاشرے میں  بڑھتی ہوئی  غربت  کا ذمہ دار مجھ سمیت ہر وہ صاحب حیثیت، ہر وہ شخص ضرور ہے  جسے اللہ تعالی نے قدرت اور استطاعت عنایت کر رکھی ہو  مگر افسوس ہم اللہ تعالی کا حکم، پیارے نبیﷺ کا فرمان اور دین اسلام کا درس بھول چکے ہیں، ہمیں ہر سفید بھکاری لگتا ہے،ہم نے ہمسایہ داری کا خیال رکھنا چھوڑ دیا ہے، ہمیں کل کی خبر نہیں اور مال و اسباب سالوں کا جمع کر رہے ہیں، ہم نے خدا کی راہ میں خرچ کرنے کو فضل خرچی سمجھ کر چھوڑ دیا ہے،یہی وجہ ہےکہ اللہ تعالی نے برکت ختم کر دی ہے۔

 انہوں نے کہا  کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل طویل عرصے سے اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کی خدمت کر رہی ہے۔