لاہور، 29 نومبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ سید اظفر علی ناصر نے کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کے ہمراہ علی الصبح شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔وزیر ہاؤسنگ اور کمشنر و ڈی جی نے بیدیاں انڈرپاس، شاہدرہ چوک، کیولری انڈرپاس، گھوڑا چوک، اکبر چوک اور کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ کا دورہ کیا۔چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید، کنٹریکٹر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے جاری کاموں پر بریفنگ دی۔ تمام منصوبوں پر رات کی شفٹ میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔
اکبر چوک فلائی اوورز پر بیوٹیفکیشن اور فنشنگ کا کام رات گئے تیزی سے جاری رہا۔اکبر چوک فلائی اوور منصوبے کو چند روز میں ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا جبکہ بیدیاں انڈرپاس کے اطراف سڑکوں کی اسفالٹ کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس منصوبے سے منسلک فیز 5، فیز 6،نواز شریف انٹرچینج سمیت کل 12 رابطہ سڑکوں کی تعمیر پر کام جاری ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ شاہدرہ چوک کے اطراف بھی تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہیں جبکہ کیولری انڈرپاس پر ٹریفک کی روانی جاری ہے اور منصوبے سے منسلک باقی ماندہ کام تکمیل کے قریب ہے۔صوبائی وزیر نے کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ کے دونوں پیکجز پر جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
منصوبے کے پیکج ٹو سگیاں تا بابو صابو اور پیکج ون سگیاں تا نیازی انٹرچینج پر اہداف کے حصول کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر اظفر علی ناصر نے گھوڑا چوک فلائی اوور پر رات کی شفٹ میں جاری کاموں کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے ہدایت دی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی دی گئی ڈیڈ لائن کے مطابق منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں۔سی ای او سی بی ڈی عمران امین اور چیف انجینئر نے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت بارے بریفنگ دی۔