اسلام آباد، 30 نومبر (اے پی پی): وزيراعظم کے نمائنده خصوصى برائے بین المذاہب ہم آہنگی ،مشرق وسطی و اسلامی ممالک وچيئرمين پاكستان علماء كونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفى نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ اربوں ڈالر کے معاہدے ہوئے ہیں جس سے پاکستان کی معیشت کو استحکام ملے گا، ان معاہدوں میں وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف بھی موجود تھے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ کویت میں بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں، ان معاہدوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ نظر آرہا ہے۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفى کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے طرف سے تین ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں ایک سال کی توسیع بھی خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں حصہ ڈالا ہے جس پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔
طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ یہ سب آرمی چیف اور وزیر اعظم پاکستان کی انتھک محنت اور کوششوں کا نتیجہ ہے، ان کی شب و روز کاوشوں کے نتیجے میں امید ہے کہ مزید سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری سہولت کونسل کے بننے کے بعد سے دیگر اسلامی ممالک بھی سرمایہ کاری کر رہے ہیں ، یہ سپہ سالار پاکستان کے معاشی استحکام کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار ہے۔