ملتان؛ایلیٹ ویمن لیگ کے لیے اوپن ٹرائلز کا اعلان،15 نومبر کو گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول میں ہوں گے

4

ملتان، 14 نومبر (اے پی پی ): لودھراں پائلٹ پراجیکٹ نے  ایلیٹ ویمن لیگ کے لیے اوپن ٹرائلز کا اعلان کردیا ہے، پہلے مرحلہ میں کل (15نومبر بروز بدھ) کو گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول میں صبح 9 بجے ٹرائلز لیے جائیں گے اور 16نومبر کو لودھراں میں ٹرائلز منعقد ہوں گے۔

اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایل پی پی ڈاکٹر محمد عبدالصبور نے کہا ہے کہ ایلیٹ ویمن لیگ کے انعقاد سے جنوبی پنجاب کی ابھرتی ہوئی باصلاحیت  کرکٹرز کو کھیلنے کے بہترین مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی پی  خواتین  کو کھیل سمیت زندگی کے ہر شعبہ میں بااختیار بنانے کیلئے کوشاں ہے ،ایلیٹ ویمن لیگ اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

انہوں نے کرکٹ پروموشن میں  ملتان سلطانز ،بیسٹ سیلر فاؤنڈیشن،گراؤنڈ اپ اکیڈمی اور گراس روٹس کرکٹ  کے تعاون پر اظہارِ تشکّر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ایلیٹ ویمن لیگ کے اوپن ٹرائلز کے انعقاد کا مقصد میرٹ پر ٹیموں کی تشکیل اور فول پروف سلیکشن کو یقینی بنانا ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ایل پی پی ڈاکٹر محمد عبدالصبور نے کہا کہ ویمن ایلیٹ لیگ کے تحت ملتان اور لودھراں کے اضلاع سے  خواتین  کی 6 کرکٹ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، اوپن ٹرائلز کے بعد ہر ٹیم سے 15 خواتین کھلاڑیوں کا منتخب سکواڈ دسمبر 2023 ء میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں حصہ لے گا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ویمن ایلیٹ لیگ خواتین کو پروفیشنل کرکٹر بننے میں مدد دے گی۔