ملتان، 19 نومبر(اے پی پی ):ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے ملتان ریجن کے باسیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کم عمر بچوں کو ہرگز ڈرائیونگ نہ کرنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ کم عمر ڈرائیور نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈالتا ہے ، حکومت پنجاب اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی واضح ہدایات ہیں کہ کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے، اس سلسلے میں ملتان ریجن ملتان ، وہاڑی، خانیوال اور لودھراں کے ضلعی پولیس سربراہان اور ٹریفک پولیس کے افسران کو ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں اور اس میں کسی بھی قسم کی رعایت نہ برتی جائے ۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں کسی بھی صورت میں موٹر سائیکل یا گاڑی چلانے نہ کرنے دیں۔











