ملتان،09 نومبر(اے پی پی ):حکومت پنجاب کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کے پیش نظر 9 نومبر کی چھٹی کے باوجود ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نےچار ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔ نہوں نےزیر تعمیرنشتر ہسپتال ٹو، شجاع آباد فلائی اوور اور ٹی ایچ کیو ہسپتال شجاع آباد میں ترقیاتی کام کا معائنہ کیا اور زیر تعمیر سول سیکرٹریٹ کا بھی دورہ کیا۔سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب انجینئر امجد شعیب خان ترین اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر افضل ناصر خان بھی انکے ہمراہ تھے۔
منصوبوں کے دورے کے موقع پر انہیں بریفنگ میں بتایا گیاکہ نشتر ہسپتال ٹو کے 19 ڈیپارٹمنٹ انتظامیہ کے حوالے کر دئے گئے جن میں میڈیکل،سرجیکل، پتھالوجی،ریڈیالوجی، ڈائیگناسٹک بلاک، ایمرجنسی، ایڈمن بلاک، کیفے ٹیریا اور سی ایس ایس ڈی شامل ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ شجاع آباد فلائی اوور پر کام کی رفتار تیز کردی گئی اور ٹریفک کا بہاؤ برقرار رکھنے کے لئے تین مختلف مقامات پر متبادل دے دی گئی ہے جبکہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شجاع آباد میں نئے زنانہ اور مردانہ وارڈز کی تعمیر بھی جاری ہے۔ دوسری جانب 31 دسمبر تک زیر تعمیر سول سیکرٹریٹ کا منصوبہ مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن کے پیش نظر منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ جی او آر کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے اور آئی ڈیپ نے تحریری طور پر انتظامیہ کو آگاہ کردیا ہے۔
دورے کے موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے جنوری میں چار ڈیپارٹمنٹ سول سیکرٹریٹ منتقل کرنے کا عندیہ دے دیا ہے اور آئی ڈیپ کو 31 دسمبر تک سیکرٹریٹ کے نصف بلاکس انتظامیہ کے حوالے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹریٹ کے روڈ نیٹ ورک اور پارکنگ ایریا کی تعمیر جلد مکمل کی جائے اور دفاتر میں بجلی اور کمپیوٹر نیٹ ورک اور فرنیچر کی تنصیب کے انتظامات کئے جائیں۔
کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے بتایا کہ جنوری میں سول سیکرٹریٹ کا افتتاح کیا جائے گا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے سیکرٹریٹ کے مرکزی گیٹ کے ڈیزائن کا دوبارہ جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ مرکزی گیٹ کی زیادہ بلندی فرنٹ ویو سے سیکرٹریٹ بلڈنگ کی خوبصورتی کو متاثر کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت کے مطابق نشتر ٹو ہسپتال 31 دسمبر تک ہر صورت فنکشنل کیا جائے گا جبکہ شجاع آباد فلائی اوور دو ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔
کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے بتایا کہ نگران وزیر اعلی محسن نقوی جلد ملتان کا دورہ کریں گے اور زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کاجائزہ لیں گے۔سول سیکرٹریٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر فیصل زمان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سول سیکرٹریٹ کا منصوبہ تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیکرٹریٹ کے دفاتر میں کمپیوٹرز، لیپ ٹاپ، فرنیچر کی تنصیب اور تزئین و آرائش کنٹریکٹ میں شامل ہے اور آفس فرنیچر کی خریداری کاعمل شروع کردیا گیا ہے۔