ملتان؛ ضلعی انتظامیہ کا روڈ پر حادثات روکنے کیلئے ٹریفک منیجمنٹ پلان تشکیل دینے کا فیصلہ

31

ملتان،15نومبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے روڈ پر حادثات روکنے کیلئے ٹریفک منیجمنٹ پلان تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے،اس سلسلے میں ٹریفک سگنل سسٹم اور روڈ فرنیچر فعال کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ کم سن اور ناتجربہ کار ڈرائیورز کے خلاف بھی کریک ڈاون شروع کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  روڈ ایکسیڈنٹ ریووو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے محسن نثار ٹریفک پولیس ،ریسکیو،موٹروے،ایم ڈی اے اور میونسپل کارپوریشن حکام بھی شریک تھے ۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ مرمتی روڈز پر ٹھیکیدار حفاظتی انتظامات،ریفلیکٹر اور وارننگ بورڈز لگانے کے پابند ہونگے، حادثات میں 6 ماہ کے دوران 121 افراد کی ہلاکت ہمارے ٹریفک نظام پر سوالیہ نشان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایم ڈی اے اور محکمہ روڈز غیر قانونی روڈ کٹ اور یوٹرن کا ازسرنو جائزہ لیں اور رپورٹ پیش کریں۔

 انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 اور ٹریفک پولیس حادثات کی وجوہات اور حساس پوائنٹ کی نشاندھی کرینگے جس کے بعد روڈ فرنیچر ،پیچ ورک اور ڈیوائدر سمیت نئے ہمپ بھی بنائے جائیں گے۔انہوں  نے ہدایت کی کہ کم سن ڈرائیورز اور اوور لوڈڈ ہیوی وہیکلز کی چیکنگ کا بھی آغاز کیا جائے۔