ملتان،13نومبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جنرل بس سٹینڈ پر میگا تجاوزات آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ، آپریشن کے دوران غیر قانونی تعمیرات مسمار کرکے سامان قبضے میں لے لیا گیا جبکہ تمام غیر قانونی گزرگاہوں کو بھی دیواریں تعمیر کرکے بند کردیا گیا،آپریشن کی قیادت سیکرٹری آر ٹی اے و ایڈمنسٹریٹر جنرل بس سٹینڈ محسن نثار نے کی۔آپریشن کے دوران ٹرک سٹینڈ اور عقبی حصے میں قائم ورکشاپس اور دکانوں کی جانب سے قائم تعمیرات کو بھی گرادیا گیا۔
سیکرٹری آر ٹی اے محسن نثار نے کہا کہ بس ٹرمنل اور انتظار گاہوں سمیت گراسی پلاٹس اور لائٹس کی تنصیب کی ترقیاتی سکیموں پر بھی کام تیز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ کی حدود میں بھاری مشینری کے ذریعے کوڑا کرکٹ اور ملبہ جات کی صفائی بھی جاری ہے، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے اپنے حالیہ دورہ میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا تھا اور سہولیات کو بہتر کرنے کا ٹاسک بھی دیا تھا۔
محسن نثار نے کہا کہ سیوریج لائن کی تنصیب، لائٹس اور نئے شیڈز کی تعمیر بھی شروع کردی گئی ہے جبکہ سرکاری کرایہ ناموں پر عملدرآمد کرانے کیلئے خصوصی چیکنگ سکواڈ بھی تشکیل دیے گئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سموگ کے تدارک کیلئے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور بسوں کو بھی آف روڈ کیا جارہا ہے۔