اسلام آباد، 27 نومبر ( اےپی پی): نگران وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت سید جمال شاہ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما، بابائے صحافت مولانا ظفر علی خان کی 67 ویں برسی کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ظفر علی خان کی زندگی کا مقصد ہی یہ تھا کہ کسی طرح ہم آزاد قوم ہوں۔
قومی ورثہ کے وزیر نے کہا کہ مولانا ظفر علی خان نے ایک ایسے وقت میں آنکھ کھولی جب اس ملک پر کوئی اور قابض تھا یہ ملک ایک کالونی تھی اور مولانا ظفر علی خان آزاد فضا میں سانس لینا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا ظفر علی خان آزادی کی خوبیوں سے مانوس تھے۔ جب تک آپ اپنی ذات میں آزاد نا ہو ں تب تک آزادی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ مولانا ظفر علی خان کا صحافتی سفر شاندار رہا اور وہ سیاسیت پر بھی گہری نظر رکھتے تھے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مولانا ظفر علی خان تاریک راہوں کے وہ مسافر ہیں جنہوں نے ہمیں آزادی بخشی ہے۔ مولانا کے یوم وفات کو منانا اور ان کے پیغام کو نوجوان نسل تک پہنچانا قوم کا فرض ہے۔
اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ظفر علی خان بہت اچھے صحافی سیاست دان اور ادیب تھے۔