مویشیوں میں کانگو وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، وائرس سے بچاو کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،اعجاز علی جتوئی

45

ٹنڈومحمدخان، 17نومبر(اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ٹنڈومحمدخان اعجاز علی جتوئی نےکہا کہ مویشیوں میں کانگو وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، وائرس سے بچاو کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے دیہی علاقوں میں سیمینارز، پمفلیٹ کی تقسیم سمیت گھر گھر جاکر وائرس سے بچاو کے لیے تفصیل فراہم کی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مویشیوں میں تیزی سے پھیلنے والے کانگو وائرس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، اعجاز علی جتوئی کا کہنا تھا کہ کانگو وائرس ایک خطرناک اور جان لیوا  وائرس ہے جو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہو تا ہے، جس سے بچاؤ کے لیے محکمہ لائیو سٹاک اور محکمہ صحت کو متحرک ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے  تاکہ لوگوں کو اس سے محفوظ بنایا جا سکے، انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو وائرس کے متعلق آگاہی کی فراہمی کے لیے شہری و دیہی علاقوں میں پمفلٹ، بینرز، سوشل میڈیا پر پیغامات سمیت آگاہی سیمینار منعقد کرائے جائیں تاکہ عوام میں شعور بیدار ہوسکے، مویشیوں کے رہنے جگہ میں صفائی کا خاص خیال رکھنے سمیت فیومیگیشن (اسپرے) کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے، اجلاس سے محکمہ لائیو سٹاک کے فوکل پرسن ڈاکٹر ریاض حسین لغاری کا کہنا تھا کہ محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے ڈسٹرکٹ ٹنڈومحمدخان کے تمام مویشی منڈیوں میں کیمپ لگائے جائیں گے جہاں ہماری ٹیمیں آنے والے مویشیوں کو چیک کرنے کہ ساتھ وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے واسپرے کیے جائیں گے، اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ٹنڈومحمدخان ڈاکٹر محمد یوسف جیجہو نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے  ڈی ایچ کیو اسپتال سمیت دیگر اسپتالوں میں کانگو وائرس کے مریضوں کے لیے الگ وارڈز قائم کیے گئے ہیں جہاں ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف عملہ ہمہ وقت موجود ہے۔

ریحانہ

قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ٹنڈومحمدخان نے تمام  اشیاء خودنوش اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لیتے ہوئے دودھ، دہی، انڈے، مرغی کا گوشت سمیت دیگر  اشیاء کی قیمتیں مقرر کیں، اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈومحمدخان نعیم سومرو، اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو غلام حیدر عمران راجپوت، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی شفقت حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی حراء شیخ سمیت ضلع کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے.