بہاولنگر،17 نومبر( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے کہا ہے کہ والدین پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں حکومت کا ساتھ دیں اور حفاظتی ویکسین پلوا ئیں، ویکسین سے ہم بچوں کو پولیو سے بچا سکتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں پولیو مہم کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی، والدین اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین پلوائیں اور 27 نومبر سے 1 دسمبر کے دوران انسداد پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔
اس موقع پرسی ای او ہیلتھ، ڈی ایچ او پی ایس محکمہ صحت کے افسران ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔
واضح رہے کہ 27 نومبر سے 29 نومبر کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ٹیمیں گھر گھر جاکر سے ویکسین کے قطرے پلائیں گی جبکہ کیچ اپ ایکٹویٹی 30 نومبر اور 1 دسمبر تک کی جائے گی۔انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بہاول نگر میں پانچ سال تک کی عمر کے(585468) پانچ لاکھ پچاسی ہزار چار سو اٹھسٹھ بچوں کو پولیو کی حفاظتی ویکسین دی جائے گی ۔ اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر ضلع بھر میں 2786ٹیمیں فرائض سر انجام دیں گی جن میں 136فکس ، 2562موبائل اور 88ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔











