میرپور خاص ،یکم نومبر ( اے پی پی ): ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی نے کہا ہے کہ روز مرہ اشیاء ضروریہ خورد و نوش کی مقررہ قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنانے اورقیمتیں برقرار رکھنے کے لیے اپنے اپنے اضلاع میں فعال کردار ادا کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔
یہ ہدایت انہوں نے اپنے دفتر میں پرائز کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنروں کو دی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اشیاءخورد و نوش عوام کی بنیادی ضروریات میں شامل ہیں اس لیے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضلع اور تحصیل سطح پر مارکیٹوں کے اچانک دورے کئے جائیں تاکہ بیوپاری ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری نہ کر سکیں۔
انہوں نے بیورو آف سپلائی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر نرخنامہ جاری کرکے دکانداروں اور کاروباری حضرات کو پابند کریں کہ وہ نرخنامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں تاکہ خریداروں کو قیمتوں کا معلوم ہو سکے . اجلاس میں ریجنل ڈائریکٹر ایگریکلچر مارکیٹ شہزاد پنہور ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی اللہ جڑیو خاصخیلی ، اسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ سلیم شیخ ،ڈائریکٹر اطلاعات میرپورخاص غلام رضا کھوسو اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔











