لاہور22نومبر:( اے پی پی ) وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج لاہور میں جاری 3ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے والٹن روڈ اور اے ڈی اے نالے کی ری ماڈلنگ و اپ گریڈیشن، کیولری انڈر پاس اور سینٹرپوائنٹ تا والٹن روڈ سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ پرا جیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور والٹن روڈ پر سیوریج کے پانی کی نکاسی پر اطمینان کااظہارکیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے پورے والٹن روڈ کا معائنہ کیا اورتعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک مینجمنٹ کے لئے موثر اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو جتنی جلدی ہوسکے مکمل کیا جائے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دورے کے دوران دکانیں بند کرانے کے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس کو فی الفور دکانیں کھولنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی موجودگی میں ہی فوری طور پر دکانیں کھولی گئیں۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کیولری انڈر پاس کے جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیااور انڈر پاس کی چھت پر کنکریٹ اور اطراف کی روڈ ز پر اسفالٹ کے کام کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اسفالٹ کے کام کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے پر کام کی رفتارتیز کرنے اور چارروز میں مکمل کرنے کے حوالے سے کنٹریکٹر کو ہدایات دیں۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا بھی دورہ کیا اورمنصوبے کے اطراف مزید پودے لگانے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او، ڈپٹی کمشنر، سی بی ڈی کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔