لاہور14نومبر ( اے پی پی ): وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے پراجیکٹس پر پیشرفت کاجائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کھڑک سنگھ کی تاریخی حویلی کی بحالی کے پراجیکٹ پر غو ر کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے حویلی کے کمروں کو بحال کیا جائے گا اور حویلی میں سیاحوں کی رہائش کے لئے معیاری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے رم مارکیٹ کی منتقلی کے لئے ضروری اقدامات اور لاہو رفورٹ کیفے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں لاہور کے تاریخی دروازوں اور قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان کی اصل حالت میں بحالی کے پراجیکٹ پر پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے لاہور کے تاریخی دروازوں اور قلعہ کہنہ قاسم باغ پراجیکٹ کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ لاہور کے تاریخی دروازوں اور قلعہ کہنہ قاسم باغ کے گرد فصیل کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ لاہور کے دروازے اورقلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان کا تاریخی ورثہ ہے،بھرپور تحفظ دیں گے۔ لاہور کے تاریخی دروازے اور قلعہ کہنہ قاسم باغ بحالی کے بعد سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنیں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مال روڈ کی تاریخی اور قدیمی ہیت بحال کرنے کے لئے پول ہٹائے جائیں گے۔ تاریخی مقامات کی بحالی کے بعد مینجمنٹ آف سائٹ کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور کے بریڈلے ہال کی بحالی کیلئے کام تیزی سے جاری ہے۔بریڈلے ہال میں پنڈت جواہر لال نہرو،گاندھی اور بھگت سنگھ جیسی شخصیات خطاب کرچکی ہے۔لاہور کے برکت علی اسلامیہ ہال کی تاریخی حیثیت کو بھی بحال کیاجارہاہے۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی 10مزارات کو تاریخی او رقدیمی ہیت میں بحال کررہی ہے۔صوبائی وزراء عامر میر،اظفرعلی ناصر،بلال افضل،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریزلوکل گورنمنٹ، ہاؤسنگ،تعمیرات ومواصلات،اوقاف،فنانس، کمشنر لاہورڈویژن،ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔











