وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی چکوال مدرسہ واقعہ میں متاثرہ بچوں کے گھر آمد، انصاف کی یقین دہانی کروائی

29

 

لاہور،19نومبر  (اے پی پی):نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی چکوال میں متاثرہ بچوں کے گھر پہنچ گئے۔  انہوں  نے تشدد و زیادتی کا نشانہ بننے والے متاثرہ بچوں اور ان کے والدین سے ملاقات کی۔ وزیر اعلی نے  انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی اور افسوس ناک واقعہ کے بارے معلومات حاصل کیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے،ذمہ داران سزا سے نہیں بچ پائیں گے،  متاثرہ بچوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی،  بچے ہمارا مستقبل ہیں، ان کو تحفظ فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے،  بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے ملزمان کو کڑی سزا دلوائی جائے گی۔

 اس موقع پر  انہیں بتایا گیا کہ چکوال میں طالب علموں سے زیادتی کرنے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ملزمان کی نشاندہی سی سی ٹی وی ویڈیوز کی مدد سے کی گئی،ملزمان کو متاثرہ بچوں اور ان کے والدین کے بیانات کی روشنی میں گرفتار کیا گیا ہے ۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  محسن نقوی نے کہا کہ چکوال واقعہ پر بہت افسوس  ہواہے ، آئی جی کو ٹاسک دے دیا ہے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے جو ممکن ہوسکاکریں گے۔  انہوں نے کہا کہ قانون ہم نہیں بنا سکتے تاہم ایسے اقدامات ضرور کریں گے تاکہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ متاثرہ بچوں کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے،لوکل میڈیا سے متاثرہ بچوں کے نام اور تصویریں وغیرہ پبلک نہ کرنے کی درخواست کرتا ہوں ۔انہوں  نے کہا کہ متاثرہ بچوں کی تعلیم کے لئے جو ممکن ہوسکا ضرور کریں گے۔انہوں  نے کہا کہ بچے ڈی پی ایس یاپرائیویٹ سکول میں پڑھنا چاہیں توبھرپور معاونت کریں گے۔  انہوں نےکمشنر اور ڈ پٹی کمشنر  کو   ہدایت کی کہ متاثرہ بچوں کی تعلیم اور بحالی کے لئے اقدامات کریں۔

 اس موقع پر انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، آرپی او راولپنڈی، کمشنر راولپنڈی، ڈی پی او چکوال اور ڈپٹی کمشنر چکوال بھی موجود تھے۔