وزیر اعلی پنجاب کا رات گئے بند روڈ کوریڈور پراجیکٹ کا دورہ

30

 

لاہور،25نومبر  (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبائی کابینہ کے ہمراہ رات گئے بند روڈ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور پراجیکٹ کا اچانک دورہ  کیا اور  بابو صابو سے سگیاں پراجیکٹ کے روٹ کا معائنہ کیا،بابو صابو سے سگیاں تک پراجیکٹ پر کام کرنے والی شفٹ ، سائٹ پر مزدور،کنٹریکٹرز کے سپروائزر اور ایل ڈی اے کا عملہ حاضر نہ ہونے پر وزیر اعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا ۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے چیف انجینئر اور بابو صابو سے سگیاں تک کام کرنے والی کمپنی کو وارننگ دی۔ انہوں نے ڈی جی ایل ڈی اے، چیف انجینئر ایل ڈی اے، کنٹریکٹر اور ایل ڈی اے کے عملے کو فوری طور پر موقع پر طلب کر لیا۔محسن نقوی نے کہا کہ پراجیکٹ پر کام کرنے والی رات کی شفٹ غائب دیکھ کر بہت افسوس ہوا،اچانک دورہ کرکے جو صورتحال دیکھی وہ ناقابل برداشت ہے۔

 صوبائی وزراء منصور قادر،عامر میر، اظفر علی ناصر، ڈاکٹر جمال ناصر،ابراہیم حسن مراد بھی ہمراہ تھے۔