پاکستان اور ترکی کے درمیان انتہائی شاندار برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم

10

لاہور۔07  نومبر ( اے پی پی ): نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ترکی کی میڈٹرونکس کمپنی کے وفد سے ملاقات کی۔وفد میں نائب صدر میڈٹرونکس کمپنی ڈاکٹر ایان اوزترک، کنٹری ہیڈ شاہد منظور، ریجنل مینیجر محمد بلال اور مینیجر توقیر عباس شامل تھے۔

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ پروفیسر ڈاکٹر فرقد عالمگیر اور ایڈیشنل سیکرٹری پروکیورمنٹ مظہر احمد بھی موجود تھے۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کے نظام صحت کی پوری دنیا میں مثالیں دی جاتی ہیں۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان انتہائی شاندار برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔پنجاب کے نظام صحت میں معاونت کی پیشکش پر ترکی کی عوام اور میڈٹرونکس کمپنی کے مشکور ہیں۔ ذیابیطس کے حوالہ سے آگاہی پروگرام میں میڈٹرونکس کمپنی کے نمائندگان کو مدعو کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر علاج کی سہولیات فراہم کرنا وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کا ویژن ہے۔