اسلام آباد ،27 نومبر( اے پی پی ):سیکرٹری ریلویز سید مظہر علی شاہ نے کہا ہے کہ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے اور پاکستان ریلوے اس منصوبے پر کام کا جلد آغاز چاہتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے نیشنل ریلوے ایڈمنسٹریشن (این آر اے ) کے تکنیکی ماہرین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگو میں کیا، وفد نے پیر کو یہاں وزارت ریلوے کا دورہ کیا۔وفد نے ایم ایل ون منصوبے پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سیکرٹری ریلویز سید مظہر علی شاہ نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کو تبدیل کر دیگا، ایم ایل ون منصوبہ ایک گیم چینجر ہے جو پاکستان ریلوے کی آمدنی میں نمایاں اضافہ کرے گا۔
سید مظہر علی شاہ نے کہا کہ پاکستان چین کو اپنا قریبی دوست اور پارٹنر مانتا ہے اور چین پاکستان کو اپنا ”آئرن برادر“ سمجھتا ہے۔
چینی وفد نے اس پراجیکٹ کی اہمیت کو سراہا اور کہا کہ نیشنل ریلوے ایڈمنسٹریشن (این آر اے) پاکستان ریلوے کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ اس منصوبے پر کام جلد شروع کیا جا سکے، ایم ایل ون منصوبے کو چینی حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے اور ہم اس منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے مل کر کام کریں گے۔