گلگت، یکم نومبر(اے پی پی):پاک فوج کے زیر اہتمام ہمیشہ کی طرح اس سال بھی 76 واں یوم آزادی گلگت بلتستان یکم نومبر کو گلگت میں آرمی ہیلی پیڈ پر نہایت جوش و خروش سے منایا گیا۔اس شاندار تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر 10 کور لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز،گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ ، وزیر اعلی جی بی حاجی گلبر خان اور کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل کاشف خلیل (ستارا جرأت) اور دیگر حکومتی اور سول اعلی حکام نے شرکت کی۔
پریڈ سے خطا ب کرتے ہوئے کمانڈر 10 کور لیفٹننٹ جنرل شاہد امتیاز نے کہا كہ گلگت بلتستان کے عوام اور بہادر فوجیوں نے جنگ آزادی گلگت بلتستان کے بعد بھی 1965،1971اور 1999کے معرکہ کارگل میں وطن عزیز کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع میں ناقابل فراموش کارنامے سر انجام دئیے اور ملک کی مضبوطی اور استحکام کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے نہ صرف مملکت پاکستان کی بقاء و استحکام کیلئے جرات اور بہادری کی تاریخ رقم کی ہے بلکہ جموں و کشمیر کے محروم و محکوم مسلمانوں کی آزادی اور تکمیل پاکستان کی جدوجہد کیلئے بھی مساوی قربانیاں دی ہیں اور انشاء اللہ ان قربانیوں کے طفیل یہ خطہ روشن اور مستحکم پاکستان کا ضامن ثابت ہوگا۔
تقریب میں پاک فوج، این ا یل آئی سینٹر ،جی بی سکاوٹس ،ویمن پولیس ،جی بی پولیس ، پنجاب رینجرز،ایس سی او، کیڈٹ کالج سکردو اور کیڈٹ کالج چلاس کے دستوں نے پریڈ میں حصہ لیا ۔تقریب کو آرمی کے ایس ایس جی کمانڈوز نے ہیلی فلائی پاس کا شاندار کرتب دیکھا کر عوام سے داد حاصل کی اسکے علاؤہ فری فال جمپنگ بھی اس شاندار تقریب کا حصہ رہی، اس کے علاؤہ گلگت بلتستان بھر سے آئے ہوئے سکول و کالجز کے بچوں نے مختلف ملی نغمے اور علاقائی نغمے اور ثقافتی رقص بھی پیش کئے ۔
گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع سے ثقافتی فلوٹ جس میں گلگت ڈویژن ،بلتستان ،استور ڈویژن ، دیا مر ڈویژن اور ہائی اچیورز کے فلوٹس بھی شامل تھے۔اس رنگا رنگ تقریب میں جی بی سمیت پورے پاکستان کے کلچر کو پیش کیا گیا ۔
بعد ازاں وہاب شہید پولو گراؤنڈ میں پولو میچ کا انعقاد بھی کیا گیا جس کے مہمان خصوصی گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ ، وزیر اعلی جی بی حاجی گلبر خان تھے، گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع سے ٹیموں نے شرکت کی اور لوگوں کی کثیر تعداد نے میچ کو دیکھا۔ یہ جی بی کی تاریخ کا پہلا میچ تھا جو رات کو منعقد کیا گیا، میچ دیکھنے کے لیے فلڈ لائٹس کا انتظام کیا گیا جس کی وجہ سے رات میں دن کا سماں بندھ کیا میچ کے اختتام میں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے اور آخر میں شاندار آتش بازی کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔
پاک فوج کے زیر نگرانی بلتستان ، استور اور دیگر اضلاع میں بھی آزادی ِگلگت بلتستان کے سلسلے میں ریلیز،ثقافتی سٹالز اور سپورٹس پروگرام منعقد کئے گئے ۔لوگوں نے پاک فوج کا شکریہ اداکیا جن کے تعاون سے یکم نومبر کا دِن پورے جی بی میں شاندار طریقے سے منایا گیا۔
اس سے پہلے کمانڈر 10 کور جنرل شاہد امتیاز ،گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ ،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے چنار باغ گلگت میں مزار شہداء پر حاضری دی،یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔اس موقع پر پرچم کشائی بھی گئی۔
اسی دن کی مناسبت سے گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں شاندار تقریبات ،جلسے جلوس اور خصوصی ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ۔











