چنیوٹ،10 نومبر(اے پی پی): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد نے کہا ہے کہ لوگوں کی جان و مال،عزت کی حفاظت میری اولین ترجیح ہے۔ضلع بھر میں چوروں،ڈکیتوں،جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا نمائندگان سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ڈی پی او نے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ڈکیت ملزمان سمیت اسلحہ، منشیات برآمد ہونے پر 30 سے زائد ملزمان کو گرفتارکرلیاگیا ہے ، ملزمان کے قبضہ سے 55لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمدکرلیاگیا، موٹر سائیکل چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن میں موٹرسائیل چور گینگ کو ٹریس کرکے ملزمان کے قبضہ سے 34 سے زائد مسروقہ موٹر سائیکل برآمدکرلی گئیں۔ مویشی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن میں 6ملزمان گرفتار،بھینسیں،بکرے وغیرہ برآمدکرلی گئیں۔ منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن میں 6ملزمان گرفتار،10کلوگرام سے زائد چرس برآمدکرلی گئی۔ملزمان کے قبضہ سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیاگیا ہے ۔
ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم شبریز حسین کی سربراہی میں پولیس ٹیم عبد الرشید ایس آئی،اللہ دتہ ایس آئی،نصراللہ خان اے ایس آئی،محمد نواز اے ایس آئی نے کارروائیاں کیں۔ ملزمان تھانہ سٹی، رجوعہ، لالیاں، چناب نگر پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے، ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے، مزید انکشافات متوقع ہیں۔
ڈی پی او عبداللہ احمد نے مال مسروقہ مدعیان کے حوالے کیا،مدعیان نے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ڈی پی او نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پولیس افسران ا ہلکاروں کے لیے انعامات کا اعلان کیا۔ڈی پی اوعبداللہ احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔











