ڈیرہ غازی خان،11 نومبر(اے پی پی): کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے شادن لنڈ میں جرائم پیشہ عناصر کے مقابلہ میں زخمی ہونے والے پولیس جوانوں کی ٹیچنگ ہسپتال میں عیادت کی۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔
بعد ازاں کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکل ڈکیتی کی اطلاع پر پولیس نے فوری رسپانس کیا اور ڈاکووں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی اور یہ مقابلہ کافی دیر تک جاری رہا،اس دوران ایک سب انسپیکٹر شہید اور تین پولیس ملازمین زخمی ہوئے ہیں، تینوں زخمی پولیس ملازمین خطرے سے باہر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ان ڈاکوؤں کا تعلق لادی گینگ سے بتایا جا رہا ہے۔











