وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا بے نظیر بھٹو ہسپتال اور ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا دورہ

29

لاہور،11 نومبر(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے رات گئے بے نظیر بھٹو ہسپتال اور ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا 3 گھنٹے طویل دورہ کیا۔وزیر اعلی نے بے نظیر بھٹو ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک میں مریضوں کے لیے فراہم کردہ طبی سہولتوں کا جائزہ لیا اورایمرجنسی بلاک کے استقبالیہ پر موجود لوگوں سے طبی سہولتوں کے بارے استفسار کیا۔

اسلام آباد کے گاؤں پنڈوریاں کے رہائشی محمد ندیم نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے ہسپتالوں کے دورے کرنے کے اقدام کو سراہا۔ محمد ندیم نے وزیر اعلی محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ جہاں جہاں دورے کر رہے ہیں وہاں سسٹم میں بہتری آ رہی ہے اور عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔ محمد ندیم نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو دعائیں دیں اور صحت و سلامتی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔محمد ندیم اپنی اہلیہ کے علاج کیلئے اسلام آباد سے بی بی ایچ راولپنڈی آئے تھے۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے ایمرجنسی بلاک کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور مفت ادویات اور مفت ٹیسٹ کی سہولت کے بارے دریافت کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈیوٹی ڈاکٹرز سے ملاقات کی اور ان سے مسائل پوچھے۔ وزیر اعلی نے ایمرجنسی بلاک کے برآمدے میں رکھی الماریوں کو فوری طور پر مناسب جگہ شفٹ کرنے کا حکم دیا۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے بی بی ایچ میں ڈیوٹی پر موجود ہولی فیملی ہسپتال کے ڈاکٹرز سے بھی ملاقات کی اور دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ڈاکٹرز کو سراہا۔وزیر اعلی نے تفصیلی دورے کے دوران ہولی فیملی ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ لیا۔ ہسپتال کی اولڈ بلڈنگ، اوپی ڈی اور مختلف وارڈز میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا وزیراعلی محسن نقوی بیسمنٹ، گراونڈ فلور اور فرسٹ فلور پر گئے، تعمیراتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی اور بیسمنٹ میں ڈرینج کا مناسب انتظام کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ انتظار گاہ  کو مزید کشادہ کیا جائے۔ وزیر اعلی نے ہسپتال کے آلات اور مشینری کے لئے موثر حفاظتی اقدامات اوراپ گریڈیشن کے کام کو مقرر کردہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں  نے کہا کہ ہسپتالوں میں عام آدمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں دینے کیلئے کوشاں ہیں، ہسپتالوں کے دورے کرکے زمینی حقائق سے آگاہی حاصل کرتا ہوں۔

وزیر اعلی محسن نقوی کو اپ گریڈیشن کے کام پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔کمشنر راولپنڈی، دونوں ہسپتالوں کے ایم ایس، پرنسپل اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔